'ن لیگ کا سفر ووٹ کو عزت دو سے ’ساڈی گل ہو گئی اے‘ تک کا ہے'

 لاہور پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے سیاست کو کاروبار بنا رکھا ہے، مسلم لیگ ن کا شرمناک سفر ووٹ کو عزت دو سے ’ساڈی گل ہو گئی اے‘ تک کا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہنوازشریف پاکستان میں انٹرنیشنل اسٹبلشمنٹ کا نمائندہ ہے، بیرونی طاقتوں کی نوازشرہف سے ڈیل ہوئی تاکہ وہ پاکستان سے اپنے مطلوبہ اہداف پورے کروا سکیں جب کہ عمران خان کا نظریہ اپنے عوام کی فلاح ہے، وہ کبھی نوازشریف کی طرح ان طاقتوں سے ڈیل نہیں کر سکتا جس سے اپنے ملک و قوم کا مفاد مجروح ہو۔


ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ جس طرح ایک ثابت شدہ مجرم کو سہولت دی جا رہی ہے، ریاست کا یہ کردار مجرمانہ ہے اور جو صورتحال اس وقت ملک میں جاری ہے کیا پاکستان میں آئین و قانون یا اخلاقیات کا کوئی تصور قائم رہ جائے گا؟

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے امریکی سفیر کی عدالت سے سزا یافتہ مجرم نواز شریف سے ملاقات کے اعلامیے کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں سنگین مداخلت قرار دیا اور اسے مکمل طور پر مسترد کر دیا، ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اعلامیے کے مندرجات اس سازش کا تسلسل ہیں جس کے تحت عمران خان کی منتخب اور جائز جمہوری حکومت کا خاتمہ کیا گیا، امریکی سفیر کی عدالت سے سزا یافتہ نوازشریف سے ملاقات کے اعلامیے کے بعد سازش پوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر سیاسی، غیرجمہوری اور غیرآئینی آمریت کی نرسری میں جنم لینے والے خاندان نے اپنے اقتدار کیلئے ہر داخلی و خارجی بیوپاری سے پاکستان کے مفادات کی سودے بازی کی، نوازشریف جب بھی وزارتِ عظمیٰ تک پہنچا،جمہوریت اور قومی مفاد کو ملکی و غیرملکی طاقتوں کے ہاں گِروی رکھ کر پہنچا، آج یہ شخص قومی اسمبلی کی اپنی نشست جیتنے کے قابل نہیں مگر ریاستی پناہ اور بیرونی آقاؤں کی شہہ پر سلطانئی جمہور کی بساط لپیٹ کر جمہوریت کے چیتھڑوں پر اپنے اقتدار کا تخت سجانا چاہتا ہے۔

تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ ملکی سلامتی، آئین، جمہوریت اور انتخابات کی شفافیت کیخلاف کوئی خفیہ سازش یا اعلانیہ اقدام قوم ہرگز قبول نہیں کرے گی اور اس کے ملکی اہم آہنگی، داخلی سلامتی اور قومی یکجہتی پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، تحریک انصاف آئین کی بالادستی، جمہوریت کے دفاع، انتخابات کی شفافیت اور قوم کی حقیقی آزادی کے ایجنڈے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی۔

ترجمان پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ امریکی سفیر سے ملاقات کے اعلامیے میں سفیر کی جانب سے عوامِ پاکستان سے ایک مرتبہ پھر پاکستان مسلم لیگ ن کو قائدانہ کردار دے کر اپنے بھرپور اعتماد سے نوازنے کی توقع سفارتی آداب، دوطرفہ تعلقات، عالمی قوانین اور منصبِ سفارتکاری کے بنیادی قواعد و ضوابط سے سنگین انحراف اور قابلِ وضاحت معاملہ ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان مذکورہ اعلامیے کے مندرجات کا فوری نوٹس لے اور دفترِ خارجہ کے ذریعے امریکی سفاتخانے اور امریکی انتظامیہ سے معاملے کی وضاحت طلب کرے۔

Comments

Popular posts from this blog

ایف بی آر نے بینکوں کے غیرمعمولی منافع پر 40 فیصد ٹیکس عائد کردیا